اسلام آباد(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عارف علوی صدر پاکستان بنیں اور منصب کی عزت کا پاس کریں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں، صدر کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی
آئینی ذمہ داری ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پہلے بھی عمران خان نے صدر، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور گورنر سے آئین شکنی کروائی، سپریم کورٹ نے اس عمل کو آئین شکنی قرار دیا تھا، صدر کے آئینی منصب کو پارٹی ترجمان کے عہدے میں بدلنا افسوسناک ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، عارف علوی الیکشن کمیشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں۔رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ عارف علوی فارن فنڈنگ کیس میں شریک جرم ہیں، عمران خان صدر کے منصب کے ذریعے الیکشن کمیشن کو دبائو میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عارف علوی صدر پاکستان بنیں اور منصب کی عزت کا پاس کریں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں، صدر کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔