اسلام آباد (این این آئی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے جانے والے سیکیورٹی آپریشن کی لائیو میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی ہے۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں ریگولیٹر کی جانب سے
کہا گیا کہ پیمرا نے ضابطہ اخلاق برائے الیکٹرانک میڈیا کی عملداری کو یقینی بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے جانے والے کسی بھی سیکیورٹی آپریشن کی لائیو کوریج پر فوری پابندی عائد کردی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ٹی وی چینلز صرف وہ معلومات نشر کرسکیں گے جو انہیں اداروں کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔خیال رہے کہ پیمرا کی جانب سے یہ پابندی کراچی کے پولیس چیف کے دفتر پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے حملے کے ایک روز بعد عائد کی گئی۔17 فروری کی شام ڈھلنے کے بعد 7 بج کر 10 منٹ پر کراچی میں شاہراہ فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان تقریبا ساڑھے 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد عمارت کو دہشت گردوں سے کلیئر کرایا گیا جس کے نتیجے میں تینوں حملہ آور مارے گئے۔آپریشن میں 2 پولیس اہلکاروں، ایک شہری اور ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوئے اور 15 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں ایدھی رضاکار، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل تھے۔