لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی)سابق وزیراعظم عمران خان کا دعویٰ ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا انہوں نے نہیں سوچا تھا۔نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ جنرل (ر) باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع
کیلئے سب نے انہیں قائل کیا، ایک فوجی افسر نے کہا کہ جنرل باجوہ کہہ رہے ہیں کہ توسیع نہ ملی تو ان کے لیے مشکل ہوگی۔عمران خان نےکہا کہ 6 افراد اس بات کے گواہ ہیں جن میں سے 2 گواہ ملٹری سے ہیں اور 4 تحریک انصاف سے ہیں تاہم جو بھی انہیں مشورہ دے، آخر میں ذمے داری تو خود ان ہی کی بنتی ہے۔دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی معاملات کے حوالے سے اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی کی منظوری دے دی اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی شروع کی جائے گی، اس ضمن میں ضروری اقدامات کی ہدایت کر دی گئی۔اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے نگران سیٹ اپ کیلئے(آج ) اتوار کو وزیراعلی چودھری پرویز الہی سے ملاقات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس میں نگران حکومت کیلئے ناموں پر مشاورت کی جائے گی، مشاورت کے بعد پرویز الہی کو نگران سیٹ اپ کیلئے نام دیئے جائیں گے۔