اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرصحافی انصار عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ مریم نواز کوپارٹی کا سینئر نائب صدر اورپارٹی کا چیف آرگنائزر بنانے کے بعد پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں ایک بے چینی کی صورتحال ہے، اور وہ اس فیصلے سے نالاں ہیں۔انصار عباسی کے مطابق پارٹی کے ایک سینئررہنما اور عہدیدار
نے اپنی شناخت کو ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پارٹی کے تمام عہدے شریف خاندان کے پاس ہیں۔ سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں، شہباز شریف پارٹی کے صدر اور وزیراعظم ہیں اورحمزہ شہباز شریف پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں، اب مریم نواز کا پارٹی کاسینئر نائب صدراورچیف آرگنائزربنادیا گیا ہے، یہ اقدام پارٹی کے سینئر افراد کے لیے تشویش کا باعث ہے۔سینئرعہدیدارکا مزید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ غیر جمہوری ہے اور اس سے پارٹی میں شریف خاندان کی گرفت مزید مضبوط ہو جائے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا مریم نوازکو یہ عہدہ دینے کے حوالے سے پارٹی کے رہنماؤں سے کسی بھی قسم کا کوئی مشورہ نہیں کیا گیا۔سینئر رہنما نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف شریف خاندان کے قریبی اور رشتہ دارافراد کا حق ہے کہ حکومت اور پارٹی کے بڑے عہدے اپنے پاس رکھیں۔یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف نے چند روز قبل مریم نوازکو پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزرمقرر کیا تھا، اس فیصلے پر پارٹی کے سینئیر رہنماؤں کی طرف سے ردعمل آنا شروع ہو گیا ہے۔