کینیڈا کے ویزا ایپلی کیشن سینٹر کو ابوظہبی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا عمل شروع
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا کی حکومت نے اپنے ویزا ایپلیکیشن سینٹر (وی اے سیز) کو ابوظہبی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جو کہ گزشتہ حکومت کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دارالحکومت میں منتقل کیا گیا تھا۔ روزنامہ جنگ میں صالح ظافر کی خبر کے مطابق مرکز کو اسلام آباد سے اس وقت منتقل کیا گیا تھا جب پچھلی حکومت کے دوران وجوہات کی بنا پر اسے غیر خاندانی اسٹیشن قرار دیا گیا تھا۔ یہ سہولت طلباء اور دیگر ویزا کے متلاشیوں کو کینیڈا کے لیے پریشانی سے پاک مدد فراہم کرے گی۔ کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر ظہیر اسلم جنجوعہ نے اوٹاوا سے بتایا کہ پاکستان سے ویزا کے متلاشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا کیونکہ یہ مرکز پاکستان سے دور خلیجی ملک میں واقع تھا۔ یہ پیش رفت رواں سال اگست میں ایک چھوٹے پارلیمانی وفد کے کینیڈا کے دورے کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔