لاہور (آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے رمیز راجہ اور نجم سیٹھی کے دور میں کئے جانیوالے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ڈیٹا کے مطابق رمیز راجہ نے ستمبر 2021ء سے جون 2022ء تک پی سی بی کے 10 ماہ کے دوران 56 لاکھ 40 ہزار 137 روپے اپنی ذات پر خرچ کیے۔
دوسری طرف نجم سیٹھی نے جولائی 2017ء سے اگست 2018ء تک 14 ماہ کے دوران کرکٹ بورڈ کے 4 کروڑ 5لاکھ 39 ہزار 201 روپے خرچ کیے۔نجم سیٹھی نے رہائش کی مد میں 27 لاکھ 62 ہزار 808 روپے لیے جبکہ رمیز راجہ نے اس مد میں کوئی رقم نہیں لی۔گاڑی اور اس کے فیول کی مد میں نجم سیٹھی نے 65 لاکھ 58 ہزار 817 روپے جبکہ رمیز راجہ نے 9 لاکھ 60 ہزار 915 روپے لیے۔ موبائل فون کی مد میں نجم سیٹھی نے 9 لاکھ 80 ہزار 541 روپے اور رمیز راجہ نے 2 لاکھ 94 ہزار 49 روپے لیے۔ سکیورٹی اور سٹاف کے اخراجات کی مد میں نجم سیٹھی نے 16لاکھ 80 ہزار 867 روپے اور رمیز راجہ نے 3 لاکھ 82 ہزار روپے خرچ کیے۔ غیرملکی دوروں پر نجم سیٹھی نے 1کروڑ 2 لاکھ 29 ہزار 483 روپے جبکہ رمیز راجہ نے 6 لاکھ 42 ہزار 520 روپے خرچ کیے۔اندرون ملک دوروں پر نجم سیٹھی نے 19 لاکھ 72 ہزار 12روپے اور رمیز راجہ نے 29 لاکھ 79 ہزار 830 روپے خرچ کیے۔ بورڈ آف گورنرز میٹنگ الائونس کی مد میں نجم سیٹھی نے 1 لاکھ روپے لیے جبکہ رمیز راجہ نے اس مد میں کوئی رقم نہیں لی۔ انٹرٹینمنٹ کی مد میں نجم سیٹھی نے 4 لاکھ 68 ہزار 836 روپے جبکہ رمیز راجہ نے 7 ہزار 491 روپے لیے۔ پی ایس ایل الائونس کی صورت میں نجم سیٹھی نے 1 کروڑ 41 لاکھ 81 ہزار 570 روپے لیے جبکہ رمیز راجہ نے کوئی پی ایس ایل الائونس نہیں لیا۔ دیگر اخراجات میں نجم سیٹھی نے 16 لاکھ 4 ہزار 267 روپے جبکہ رمیز راجہ نے 3 لاکھ 73 ہزار 332 روپے لیے۔