کراچی (این این آئی)چین کی ’جدید کاری کی مہم ‘ میں نمایاں خدمات انجام دینے کے اعتراف میںعوامی جمہوریہ چین نے پاکستان کے معروف سائینسدان، بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کوچینی حکومت کا
’دوستی ایوارڈ‘ عطا کیا ہے۔ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان نے کہا ہے کہ’ دوستی ایوارڈ‘ چینی حکومت کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے جو چین کی ’جدید کاری کی مہم ‘ میں نمایاں خدمات انجام دینے کے اعتراف میںعوامی جمہوریہ چین کی جانب سے غیر ملکی ماہرین کو اُن کی حوصلہ افزائی کی غرض سے دیا جاتا ہے۔ پروفیسر اقبال چوہدری کو چین کے سفارتکار محترم نون رونگ نے چینی سفارتخانے اسلام آباد میں28 نومبر کو منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران دیا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں مسلم دنیا کا سب سے بڑا سائینس اور ٹیکنالوجی کا اعزاز ’مصطفیٰ ؐ پرائز برائے2021‘ بھی پروفیسر اقبال چوہدری کو دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً1175سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ76کتب شائع ہوچکی ہیں، اس کے علاوہ40انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائینسی کام کو27ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے, بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز، ستارۂ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اورسابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو انکی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔