اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپنے یوٹیوب چینل ٹاک شاک پر سینیئر صحافی عمر چیمہ سے بات کرتے ہوئے اعزاز سید نے بتایا ہے کہ لیفٹننٹ جنرل وسیم اشرف جو اس وقت تک پاکستان کے سینیئر ترین لیفٹننٹ جنرل تھے۔
یہ 18 تاریخ کو اپنے دفتر میں آخری دن گزار کر ریٹائر ہو چکے ہیں اور اب 19 نومبر سے عاصم منیر پاکستان کے سب سے سینیئر لیفٹننٹ جنرل ہیں۔اعزاز سید کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق لیفٹننٹ جنرل خالد نعیم لودھی ایک ٹی وی پروگرام میں کہہ رہے تھے کہ عاصم منیر تو ریٹائر ہو رہے ہیں اور ان کا نام ان پانچ جرنیلوں میں شامل نہیں ہوگا جو وزیر اعظم شہباز شریف کو آرمی چیف کی تعیناتی کے لئے بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا خط فوج میں ایک ماہ پہلے ہی مل جاتا ہے کہ آپ کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ یہ ہوگی۔تاہم، یہ خط اعزاز سید کے مطابق عاصم منیر کو نہیں موصول ہوا جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ پاکستان کے اس وقت سینیئر ترین لیفٹننٹ جنرل ہیں اور 27 نومبر تک سینیئر ترین جنرل ہی رہیں گے۔