اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ ضیا ء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ جہاں سے ماضی میں سیاسی بریک تھرو ہوتا رہا اب بھی وہیں سے ہو گا۔ایک انٹرویو میں اعجاز الحق نے کہا کہ موجودہ حالات جیسے ماحول میں ہی جمہوریت کو خطرہ ہوتا ہے، ملکی معاملات
درست کرنے کیلئے تمام فریقین کو دو دو قدم پیچھے ہٹنا ہوگا، جہاں سے ماضی میں سیاسی بریک تھرو ہوتا رہا، اب بھی وہیں سے ہو گا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی بات مان لیتی، پی ڈی ایم حکومت نہ بنتی تو الیکشن کا وقت طے ہو جاتا، الیکشن اگلے سال کے وسط میں ہو سکتے ہیں۔نئے آرمی چیف کی تقرری پر اعجاز الحق نے کہا کہ فوج منظم ادارہ ہے اور فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں، آرمی چیف کے تقرر پر سیاستدانوں کو الجھنا نہیں چاہیے، اس معاملے پر ماضی میں کبھی سیاستدان آمنے سامنے نہیں آئے۔نواز شریف کو مشورہ دیتے ہوئے اعجاز الحق نے کہا کہ وزیراعظم کا بار بار لندن جانا اور احکامات لانا اچھا تاثر نہیں، نواز شریف واپس آئیں اور بیٹی کو بھی واپس لائیں، نواز شریف فیصلے پاکستان آکر کریں۔تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے اعجاز الحق نے کہا کہ سیاست میں کوئی چیز خارج از امکان نہیں ہوتی، عمران خان متعدد بار انہیں خود پی ٹی آئی جوائن کرنے کی پیشکش کرچکے ہیں۔