اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)مرحوم سینئر صحافی ارشد شریف کی بیوہ نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ ہم سب حالت سوگ میں ہیں ہمارا واحد کفیل چلا گیا ہمیں پیار عزت محبت توجہ شفقت دینے والا چلا گیا۔ہمیں سکون سے رونے تو دیں۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے
کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے ٹوئٹ میں بیوہ جویریہ صدیق نے کہاکہ میں صرف صحافی نہیں شہید کی بیوہ بھی ہوں ،اپنے جھوٹ سیاست الزامات میں ہمیں مت گھسیٹیں۔بیوہ ارشد شریف کا ایک اور ٹوئٹ میں کہناتھا کہ میں تین قرآن کلاسز کا حصہ ہوں میرے اساتذہ نے کہا کہ تم کام بھی کرسکتی ہو انٹرویو بھی دے سکتی ہو کیونکہ ہمارا کفیل چلا گیا ہے۔ تم جیسے لوگوں سے مجھے اسلام پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔جویریہ صدیق نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میرا کوئی بھائی نہیں دیور نہیں جیٹھ نہیں ،اپنے شوہر ارشد شریف شہید کیلئئے انصاف کی آواز بھی نا اٹھاؤ کہ میں عدت میں ہوں۔ان کاکہناتھا کہ مجھے تو کام بھی کرنا ہوگا کیونکہ تنقید کرنے والے میرا گھر نہیں چلائیں گے نا ہی مجھے انصاف ملنے کی کوئی امید ہے، ہر کوئی ہمارے محسنوں پر الزام لگا رہا ہے۔دوسری جانب کینیا میں قتل ہونے والے صحافی اور سینئر ٹی وی اینکر پرسن ارشد شریف کی لاش سے پاکستان میں پوسٹ مارٹم کے دوران گولی کی برآمدگی نے حکام کو حیرت میں مبتلا کردیا اور نیروبی میں ہونے والے پوسٹ مارٹم کو مشکوک بنادیاہے۔