اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلیمان نے 25 اکتوبر کی شب شاہی محل سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اپنی گاڑی میں لیکر شاہی فارم ہاؤس گئے۔ روزنامہ جنگ میں حنیف خالد کی خبر کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے
ریاض سے فون پر بتایا کہ برادر اسلامی ملک سعودی عرب جس کے ساتھ پاکستان کے عشروں سے اسلامی اخوت کے رشتے ہیں محمد شہباز شریف کے 24 اور 25 اکتوبر کو ہونے والے دورہ سعودی عرب کے نتیجے میں گرمجوشی کی بلندیوں تک پہنچ گئے ہیں یہاں تک کہ منگل 25 اکتوبر کو سعودی عرب کے ولی عہد پرنس محمد بن سلیمان خود گاڑی ڈرائیو کر رہے تھے اور اپنے ساتھ فرنٹ سیٹ پر انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بٹھایا اور وہ اپنے مہمان وزیراعظم پاکستان کو خود گاڑی چلا کر ریاض کے اپنے فارم ہاؤس لے کر گئے۔ عشائیے میں ’’ڈیووس ان ڈیزرٹ‘‘ نامی عالمی سربراہی کانفرنس میں شرکت کیلئے مدعو غیر ملکی سربراہان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ عالمی سربراہان اپنے میزبان سعودی ولی عہد /وزیراعظم محمد بن سلیمان کے خود گاڑی چلانے اور فرنٹ سیٹ پر پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بیٹھے دیکھ کر دنگ رہ گئے۔عشایئے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ چلے گئے۔