لندن (این این آئی)لز ٹرس 20 اکتوبر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئی تھیں اور اس طرح وہ برطانیہ کی تاریخ سب سے کم مدت تک وزیراعظم رہنے والی شخصیت بن گئیں۔مگر ایک آئس برگ سلاد پتے نے برطانوی وزیراعظم کو ایک اور عجیب مقابلے میں شکست دے دی۔14
اکتوبر کو برطانوی اخبار ڈیلی اسٹار نے یوٹیوب پر ایک لائیو اسٹریم شروع کی تھی جس میں ایک سلاد پتے کو لز ٹرس کی تصویر کے برابر میں رکھا گیا تھا۔مقابلہ بس یہ تھا کہ کیا لزٹرس ایک سلاد پتے کی 10 روزہ زندگی کے بعد بھی وزیراعظم رہ سکیں گی؟20 اکتوبر سلاد پتے کے جشن کا دن تھا جس نے ایک سنہرے رنگ کی وگ پہنی ہوئی تھی اور لائیو اسٹریم پر لکھا آیا کہ سلاد پتے نے لزٹرس کو پیچھے چھوڑ دیا۔مقابلے کے 7 ویں دن برطانوی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 37 منٹ پر ایک ہاتھ لائیو اسٹریم میں نمودار ہوا اور لز ٹرس کی تصویر نیچے کر دی۔اس کی کامیابی پر برطانوی قومی ترانے کو بھی چلایا گیا۔ڈیلی اسٹار نے یہ مقابلہ ایک اور اخبار اکانومسٹ کی ایک سرخی سے متاثر ہوکر شروع کیا تھا جس نے اکتوبر کے شروع میں کہا تھا کہ لزٹرس کی وزارت عظمی کا دورانیہ ایک سلاد پتے کی زندگی جتنا ہی رہ گیا ہے۔اس سلاد پتے نے عالمی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مرکوز کی تھی جسے لز ٹرس کی کمزور حکومت کی علامت قرار دیا گیا تھا۔