اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما کیپٹن (ر)صفدر نے مریم نواز اور دیگر کی بریت کے فیصلوں پر پاکستان پیپلز پارٹیکے سینئر رہنما اعتزاز احسن کے بیان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔مسلم لیگ (ن)کے رہنما کیپٹن (ر)صفدر کی جانب
سے دائر توہین عدالت کی درخواست میں اعتزاز احسن کے بیان پر توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست توہین عدالت آرڈیننس 2003 کی سیکشن 3، 4، 5 اور 11 کے تحت دائر کی گئی ہے اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔توہین عدالت کی درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار معزز عدالت سے بری ہوئے تھے تو بیان عدالت کی سماعت کے حوالے سے تھا۔کیپٹن (ر)صفدر نے کہا کہ عدالت کے فیصلے پر شکوک پیدا کرنا نہ صرف عدالت کو اسکینڈلائز کرنے کے مترادف ہے بلکہ درخواست گزار کے بنیادی حق کے بھی خلاف ہے۔درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے خلاف لیے گئے توہین عدالت نوٹس کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ 11 اکتوبر کو پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے الزام لگایا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے شریف خاندان کو کرپشن کے مقدمات سے بری ہونے میں مدد کی ہے۔