لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو پنجاب آنے دیں پھر پتہ چل جائے گا۔ماڈل ٹاؤن کیس پر رانا ثناء اللہ کو بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی- پی کے ایل آئی میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو ہمارے بنائے ہوئے
ہسپتال فنکشنل کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔شہباز شریف نے اپنی انا کی خاطر ہمارے بنائے اداروں پر کوئی کام نہیں کیا۔ ہم نے ان کے اداروں کو نہیں روکا۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کو بھی چلایا ہے۔شہباز شریف نے اپنے دور میں ہیلتھ سیکٹر برباد کیا، یہ سیکٹر بالکل بیٹھ گیا تھا۔شہباز شریف نے 15 برس ہر شعبے کو برباد کیا ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لانگ مارچ کی ایک کال سے ساری پی ڈی ایم اور شریف خاندان سہم جاتا ہے، تو کسی کو فرق نہیں پڑتا-میں تو کہتا ہوں شہباز شریف استعفی دے کر اب گھر چلے جائیں -چودھری پرویز الٰہی نے بتایا کہ نواز شریف کے ساتھ 22 سال اکٹھا رہا ہوں، انہیں اچھی طرح جانتا ہوں۔یہ پہلے زمین پر دیکھتے ہیں، گیلی جگہ دیکھ کر پاؤں نہیں رکھتے-انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن پہلے اپنے نمبر تو پورے کرلے۔جب میدان لگے گا تو 186 اراکین اپوزیشن نے پورے کرنے ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اپوزیشن اپنا رانجھا راضی کر رہی ہے، انہیں کرنے دیں۔پہلے وہ شو کریں 186 اراکین۔جب اپوزیشن اراکین شو کرے گی تو ان کے اراکین آدھے رہ جانے ہیں۔وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شریفوں نے بہت ڈرامہ لگایا ہوا تھا کہ شہبازشریف ڈلیور کرتا ہے۔ساری پی ڈی ایم کہتی تھی کہ شہباز شریف نے آتے چابی لگانی ہے اور موٹر سٹارٹ کر دینی ہے۔شہباز شریف بری طرح ایکسپوز ہو گیا ہے۔ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب کے لئے ایک دمڑی نہیں دی –
عمران خان کی وجہ سے ٹیلی تھون کے سے اڑھائی ارب روپے جمع ہونے۔پنجاب حکومت نے اڑھائی ارب روپے کے فنڈز سے سیلاب متاثرین کی مدد کی -پنجاب میں ایمرجنسی میں ساری ادویات مفت کردی ہے۔جو ڈاکٹر کام کرتے ہیں ان کی تنخواہ ڈبل کردی ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بعدازاں پی کے ایل آئی بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے علاج معالجے پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد اور محکمہ صحت کے حکام کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ میں علاج کی جدید ترین سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کے افتتاح پر دلی خوشی ہوئی ہے۔بون میرو ٹرانسپلانٹ کے آپریشن پر 25 لاکھ روپے تک خرچ ہوتے ہیں۔ ہماری حکومت نادار مریضوں کو بون میرو ٹرانسپلانٹ کے علاج کی سہولت مفت فراہم کرے گی۔بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ ابتدائی طورپر17بیڈز پر مشتمل ہوگا۔ پی کے ایل آئی میں کڈنی کے 375اورلیور کے 300ٹرانسپلانٹ آپریشن کئے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیور ٹرانسپلانٹ کے تقریباً 250 مریضوں کا مفت علاج کیا گیاجبکہ 70ہزار سے زائد مریض یہاں ڈائیلسز کی سہولت بھی حاصل کرچکے ہیں۔ علاج کی سہولت حاصل کرنے و الے نادار مریضوں کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کے لئے بہترین علاج کی مفت سہولت ہمیشہ سے میرا مطمع نظر رہاہے۔وزارت اعلیٰ کے پہلے دور میں نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب کے دور دراز علاقو ں کے ہسپتالو ں کی حالت زار کو بہتر بنانے پر توجہ دی۔وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے وزیرآباد میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کیا
لیکن سیاسی مخاصمت کی بنا پر کئی سال یہ ڈاکٹروں اور طبی مشینری کی قلت کا شکار رہا۔اب ہم نے نہ صرف دوبارہ فعال کیاہے بلکہ بیڈز کی تعداد300 کر رہے ہیں۔ ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کو تمام ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی وارڈ میں ڈیوٹی کرنے و الے ڈاکٹرز کی تنخواہ بڑھائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔