لاہور ( این این آئی) لاہور میں 13 سالہ طالبعلم عبوری ضمانت کیلئے سیشن کورٹ پہنچ گیا۔لاہور سے تعلق رکھنے والے 13سالہ طالبعلم کے خلاف مخالفین نے لڑائی جھگڑے پر تھانہ اقبال ٹائون میں مقدمہ کروایا تھا۔ مذکورہ بچے کا ایک ہفتے قبل اسکول کے باہر لڑکوں سے جھگڑا ہوا تھا۔مقدمے میں ضمانت کیلئے 13 سالہ بچہ والد کے ہمراہ اسکول جانے سے قبل کمرہ عدالت پہنچ گیا اور حاضری لگوائی۔بچے کے وکیل اور والد نے موقف اپنایا کہ ہم صلح کرانا چاہتے ہیں،بچہ چھوٹا ہے، اس مقدمے سے اس کے مستقبل پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔دوران سماعت مخالفین کی جانب سے صلح کرنے کے امکانات کو یکسر مسترد کردیا گیا۔ جس پر جج کی جانب سے بھی دونوں فریقین کو صلح کا مشورہ دیا گیا۔بعد ازاں عدالت نے کیس سے متعلق ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی۔