اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہوگئی، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تازہ ترین ریکارڈنگ میں مبینہ طور پر وزیر اعظم شہباز شریف کسی شخص سے اپنے معاونین خصوصی کی تعیناتیوں کے حوالے سے گفتگو کر رہے ہیں۔گزشتہ ماہ سے وزیر اعظم شہباز شریف ، اس سے قبل ملک کے وزیر اعظم عمران خان، مسلم لیگ (ن)اور
پی ٹی آئی کے اہم رہنماں اور دیگرعہدیداروں کی مبینہ طور پر کئی آڈیو ریکارڈنگ سامنے آچکی ہیں جس سے قومی سلامتی پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔سامنے آنے والی تازہ مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں نامعلوم شخص وزیر اعظم سے کہتا ہے کہ ایازصادق صاحب کہہ رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی والے ایس اے پی ایم سے بھی شیئر مانگ رہے ہیں جس پر شہباز شریف کہتے ہیں کہ ہاں بالکل،بلاول نے بات کی تھی۔جس کے بعد نامعلوم شخص کہتا ہے کہ یہ پھر اب دیکھ لیں، پھر ہم نے ظفر محمود کو لگانا ہے اور جہانزیب صاحب کو لگانا ہے،میں پھر آپ کو ایک فائنل نمبر بتا دوں گا جس پر شہباز شریف بولتے ہیں کہ وہ ڈاکٹر سے بھی شیئر کر لیں ناں، پیپلز پارٹی ہی نہیں باقی بھی شیئر کر لیں۔اس کے بعد نامعلوم شخص کہتا ہے کہ وہ پھر جے یو آئی اور ایم کیو ایم بھی بھی مانگے گی۔ایم کیو ایم کے ایک بندے کا نام ملک احمد علی بتا رہا ہے کہ یہ سارا ڈیل کرانے میں اس کا بڑا کریٹیکل رول تھا۔مبینہ آڈیو میں شہباز شریف سوال کرتے ہیں کہ کون؟ جس پر جواب دیتے ہوئے نامعلوم شخص کہتا ہے کہ یہ سر کراچی کا بندہ ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی وزیر اعظم شہباز شریف اور ایک سرکاری عہدیدار کے درمیان مبینہ طور پر ہونے والی مبینہ گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ ہفتے کے روز سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی تھی۔