کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی)کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر پہلے ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور کاروبار کے آغاز پر امریکی کرنسی کی قدر میں 29 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر 217 روپے 50 پیسے پر آگیا۔بعدازاں امریکی کرنسی کی قدر میں 21 پیسے کا اضافہ دیکھنے کو ملا ۔
جس کے بعد امریکی ڈالر 218 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔دوسری جانب ڈالر کی قیمت مستحکم رکھنے کے لیے حکومت نے ایف آئی اے کو ٹاسک دیتے ہوئے مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈائون کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کے چیف آف اسٹاف کے دستخط سے زونل دفاتر کو ایک مراسلہ جاری ہوا ہے، جس میں مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں اجلاس میں ہوا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ڈالر کی قیمت میں یومیہ بنیادوں پر اتار چڑھائو سے معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔مراسلے کے مطابق کریک ڈائون کی ہفتہ وار رپورٹ ڈائریکٹر ای سی ڈبلیو کو ارسال کی جائے گی، کارروائیوں کی آڑ میں ممکنہ کرپشن کی روک تھام کے لیے زونل ڈائریکٹرز نظر رکھیں گے۔