اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ریلوے نے سیلاب سے تباہ انفراسٹرکچر کیلئے وفاق سے 528 ارب روپے مانگ لیے جس کی سمری بھی ارسال کر دی گئی ہے۔پاکستان ریلوے کی سمری کے مطابق سیلاب سے ریلوے مین لائن ون، ٹو، تھری پر3187 کلومیٹر ٹریک کو نقصان پہنچا ،
سیلاب سے ریلوے کا 917 کلومیٹرٹریک جزوی طور پر تباہ ہو گیا ہے جس کی تبدیلی کیلئے 433 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حیدرآباد، میر پورخاص، کھوکھرا پار، وزیرآباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ چمن سیکشن پر109 کلومیٹر ٹریک متاثرہوا ہے، جبکہ لاہور 123 کلومیٹر ریلوے ٹریک کوجزوی نقصان پہنچا ہے، جس کی بحالی پر17 ارب روپے خرچ ہوں گے، کراچی، سکھر،کوئٹہ، ملتان، لاہور، راولپنڈی، پشاور ڈویژن کے ریلوے اسٹیشنز کو بھی جزوی نقصان پہنچا، اسٹیشنز کی بحالی کیلئے 6ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔سمری کے مطابق ریلوے ڈویژن دفاتر کی بحالی پر 3 ارب روپے خرچ ہوں گے، کراچی، سکھر، ملتان اور لاہور ڈویژن میں سیلاب سے تباہ سگنلنگ سسٹم کی بحالی کا تخمینہ 53 ارب روپے لگایا گیا ہے، مواصلاتی ٹاورز اور آلات کیلئے6 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیاہے۔ریلوے سمری میں 41 یارڈ ڈرینز کو پہنچنے والے جزوی نقصان اور بحالی کا تخمینہ 2 ارب 23 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔