اسلام آباد ( آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اسحاق ڈار کی نااہلی کیلئے دائر کی گئی درخواست واپس لے لی گئی ۔الیکشن کمیشن میں سینیٹر اسحٰق ڈار کی نااہلی کے لیے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر رکن سندھ نثار درانی کی سربراہی
میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔دوران سماعت درخواست گزار نے اسحٰق ڈار کے خلاف درخواست واپس لینے کا بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے کے بیان پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس سلسلے میں آپ اپنا تحریری بیان جمع کروا دیں۔الیکشن کمیشن کی تحریری بیان جمع کرانے کی ہدایت کے بعد درخواست گزار اظہر صدیق کی جانب سے ان کے معاون وکیل نے بیان جمع کروا دیا۔جمع کرائے گئے تحریری بیان میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے، کیس میں قانون کی تشریح درکار ہے، مجاز فورم سے رجوع کریں گے۔سماعت کے دوران درخواست گزار اظہر صدیق الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے تھے، ان کے معاون پیش ہوئے جس پر نثار درانی نے کہا تھا کہ اظہر صدیق ہائی کورٹ میں جاکر کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے کیس سرد خانے میں ڈال دیا اور خود پیش نہیں ہوتے۔