اسلام آباد (آئی این پی)سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) نے پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کی جانب سے نمک کی قیمتوں میں دگنا اضافے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا ہے۔ ایس ایم اے پی کے چیئرمین اسماعیل ستار اور
ایگزیکٹیو کمیٹی نے کالاباغ اور قائد آباد کے ممبران کے ہمراہ ہنگامی اجلاس کے دوران کہا کہ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کی جانب سے سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن سے مشاورت کے بغیر نمک کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ایس ایم اے پی کے ہنگامی اجلاس میںپی ایم ڈی سی کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ اور غیر سنجیدہ قرار دیاگیا کیونکہ ان کے اقدامات کے نتیجے میں نمک کی صنعت کے لیے سنگین مسائل پیدا ہورہے ہیں۔اجلاس میں بطور احتجاج سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے متفقہ طور پر کالاباغ سے ہڑتال شروع کرنے پر اتفاق کیا۔چیئرمین ایس ایم اے پی اسماعیل ستار نے متنبہ کیا کہ کالاباغ ممبران اس وقت تک ہڑتال جاری رکھیں گے جب تک پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن نمک کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس نہیں لیتی اور دیگر مسائل حل نہیںکیے جاتے۔ اگر سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن سے مشاورت نہ کی گئی تو نمک کی دیگر اہم کانوں پر بھی ہڑتال کی جائے گی۔