پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا امکان،اپریل تک لیوی کو 50روپے فی لیٹر تک لے جائیں گے، سیکرٹری پیٹرولیم
اسلام آباد(این این آئی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کو بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پیٹرولیم کے ہونیوالے اجلاس میں چیئرمین اوگرا نے بتایا کہ پٹرول پر کسٹمز ڈیوٹی 16روپے فی لیٹر ہے، ڈیزل پر کسٹمز ڈیوٹی 22روپے فی لیٹر ہے، جبکہ پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 37روپے 42پیسے فی لیٹر ہے۔چیئرمین اوگرا نے بتایا کہ دونوں مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح صفر ہے۔اجلاس میں سیکرٹری پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی کارٹلائزیشن مشکل ہے، اپریل تک لیوی کو 50روپے فی لیٹر تک لے جائیں گے، پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں۔سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ بہتر ارکان میں وزیراعظم کو کوئی وزیر توانائی نہیں ملا، میرا یہ پیغام وزیراعظم تک پہنچا دیں۔اجلاس میں پی پی ایل میں انجینئرز کی بھرتی کے معاملے پر ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی، سینیٹر دنیش کمار زیلی کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔