کراچی(این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما، رکنِ سندھ اسمبلی، دعا بھٹو کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک دلخراش ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی، حلیم عادل شیخ کی اہلیہ، دعا بھٹو کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی
ویڈیو میں سیلاب سے متاثرہ ایک ننھا سا بچہ کچی زمین پر بیٹھا گھاس کھا رہا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھوک اور معصومیت کے ہاتھوں مجبور بچے کو گھاس کا ذائقہ ستا رہا ہے مگر وہ کبھی گھاس منہ سے نکال کر پھینک رہا ہے تو کبھی دوبارہ کھانے کے لیے منہ میں ڈال رہا ہے۔دوسری جانب دعا بھٹو نے اپنے ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ کونسی قیامت کیسی قیامت کا ہم انتظار کر رہے ہیں، یہ قیامت ہی تو ہے۔دعا بھٹو نے اپنے ٹوئٹ میں قوم کے مستقبل کے اس سپوت سے معافی مانگتے ہوئے لکھا ہے کہ بیٹا ہمیں معاف کرنا۔دوسری جانب برادر ملک ترکیہ سے مزید 2 طیارے پاکستان کے متاثرینِ سیلاب کے لیے امدادی سامان لے کر کراچی ایئر پورٹ پر اتر گئے،ان دونوں طیاروں میں متاثرینِ سیلاب کے لیے خیمے، کمبل، کھانے پینے کی اشیاء ترکیہ سے کراچی لائی گئی ہیں،ترکیہ سے اب تک 8 طیارے متاثرینِ سیلاب کے لیے امدادی سامان لا چکے ہیں،ان 8 طیاروں کے ذریعے ترکیہ سے اب تک 90 ٹن امدادی سامان متاثرینِ سیلاب کے لیے کراچی لایا جا چکا ہے۔