پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے علاقے اشرف روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے ایک کارخانے سے 5000 کلو سے زائد جعلی و مضر صحت جعلی چائے کی پتی برآمد کرلی ہے۔ کارخانے میں جعلی چائے کی پتی تیار کی جارہی تھی، جس میں چوکر، بورا اور چنے کے چھلکوں کا استعمال کیا جارہا تھا، ملزمان کو رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا۔
کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران بڑی مقدار میں مضر صحت چائے کی پتی برآمد کی گئی۔ چائے کی پتی کو گرینڈنگ و مکسنگ مشینوں کی مدد سے تیار کیا جارہا تھا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں چائے کی پتی تیار کرنے کے دوران ملاوٹی اجزا کے ساتھ کپڑوں کا رنگ بھی استعمال کیا جارہا تھا، جبکہ ساتھ میں گاڑھا پن لانے کے لئے خراب گڑ شامل کیا جارہا تھا۔ چائے کی پتی کی تیاری میں رنگ کاٹ کا استعمال بھی پایا گیا۔ یونٹ سے مضر صحت چائے کی پتی کے سٹاک کے ساتھ چوکر، بورا اور چنے کے چھلکے بھی برآمد کئے گئے۔ چائے کی پتی کو مکسنگ کے بعد سوکھنے کے لئے عمارات کی چھت پر گندے فرش پر رکھا گیا تھا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور صفائی کی صورتحال بھی نہایت ناقص پائی گئی۔ جعلی و مضر صحت چائے کی پتی کی تیاری پر یونٹ کو سربمہر کردیا گیا، مالکان پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا، جبکہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت ملزمان کے خلاف مزید سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کاروائی کے دوران جعلی چائے کی پتی، اور اس کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینیں بھی ضبط کرلئے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے فوڈ سیفٹی ٹیم کو مضر صحت چائے کی پتی کا گروہ پکڑنے پر سراہا اور کہا کہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ٹیمیں صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بھر پور طریقے سے سرگرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں تک محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے میگا کریک ڈاونز کا سلسلہ اگے بھی جاری رہیگا۔ صحت عامہ کو نقصان پہنچانے والے عناصر ایسے فعل سے باز رہے، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔