کراچی(این این آئی)وزٹ ویزہ پر متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے لئے جانے والے پاکستانیوںکو ڈی پورٹ کرنا شروع کر دیاگیا۔اس ضمن میں اوورسیز ایمپلائمنٹ پرموٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے وفاقی وزیر برائے سمندر پارپاکستانیزساجد حسین طوری کو خط لکھ دیا ۔
مکتوب میں اوورسیز ایمپلائمنٹ پرموٹرز ایسوسی ایشن نے کہاکہ پاکستانیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزہ کا غلط استعمال کیا جارہا ہے ،وزٹ ویزہ کے غلط استعمال کی وجہ سے یو اے ای نے پاکستان کے لئے امیگریشن پالیسی سخت کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 20 شہروں سے جاری ہونے والے پاسپورٹس پر ویزہ جاری نہیں کیا جارہا، پاکستانیوں کے لئے وزٹ ویزہ کی شرائط میں چھ ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ اور پانچ ہزار درہم کی شرط عائد کردی گئی ہے۔جعلی ایجنٹس سادہ لوح افراد سے لاکھوں روپے میں وزٹ ویزے پر یو اے ای بھیج رہے ہیں،حکومت پاکستان جعلی ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرے ۔اوور سیز ایمپلائمنٹ پرموٹرز نے خط میں مزید کہاہے کہ وزٹ ویزہ پر جانے والے افراد کو دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے روزگار نہیں ملتا اور وہ بھیک مانگے پر مجبور ہوتے ہیں جعل سازایجنٹس کی وجہ سے رجسٹرڈاورقانونی کام کرنے والے پرموٹرز بدنام ہورہے ہیں۔