راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی) سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے سوشل میڈیا پر زیر گردش تصویر کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔جیو نیو زکے مطابق سوشل میڈیا یر شیخ رشید کی ایک تصویر وائرل ہے جس میں سابق وفاقی وزیر کو اسپتال میں بیڈ پر لیٹے دیکھا جا سکتا ہے جہاں ان کے ہاتھ میں دل کی دھڑکن چیک کرنے والے آلات کو لگا بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے شیخ رشید کا ایک بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ میری کورونا کے وقت کی تصویر وائرل کی گئی، یہ چاہتے ہیں شیخ رشید کب مرے۔ شیخ رشید کا کہنا ہے اکتوبر نومبر میں الیکشن کے بیان پر قائم ہوں لیکن سیاستدانوں کو بات کرتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے۔قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی نفرتیں ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی ہیں۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ تنقید اورتضحیک دو مختلف چیزیں ہیں،عدلیہ اوراداروں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ملک سیاسی تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انتقام کی سیاست اپنے انجام کو پہنچیگی، جس سے سب لپیٹ میں آئیں گے،اس سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نفرتیں ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی ہیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت اور مہنگائی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکمرانوں نے اخراجات کم کرنے کے بجائے 62 وزرا لگائے جن میں 17 بے محکمہ ہیں ،اسٹیٹ بنک کے فارن ریزرو 7 ارب پر چلے گئے ہیں اور کمرشل بینکوں میں 4 ارب ڈالر کم ہوگئے ہیں جو کہ تشویش ناک ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ 100 روپے کلو آٹا،دوائیاں نایاب اور لوگ بجلی کا بل دے نہیں سکتے۔