پشاور (این این آئی)پشاور میں کھانے کی ایکسپائر اشیاء کی تاریخیں بدلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق کھانے کی ایکسپائر اشیاء کی تاریخیں بدلنے والے گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے اور ملزمان کی نشاندہی پر دلہ زاک روڈ پر گودام میں چھاپہ مارا گیا جہاں سے انٹرنیشنل برانڈز کی ایکسپائر اشیاء برآمدکی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ایکسپائر اشیاء میں چاکلیٹ، ببل گم، چپس،کافی، خشک دودھ اوردیگراشیاء شامل ہیں۔ڈی سی کے مطابق گروہ ایکسپائر اشیاء شہر بھر سے اکٹھی کرکے تاریخیں تبدیل کررہا تھا اور ایکسپائر ڈیٹ تبدیل کرنے کے بعد اشیاء دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کی جاتی تھیں۔