اسلام آباد(آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے عہدے داران سے تین روزہ طویل مذاکرات کے بعد بالآخر حکومت نے بجلی کے بلوں میں لگایا گیا فکس سیلز ٹیکس واپس لے لیا، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وفاقی وزیر بجلی و پانی خرم دستگیر نے تاجر نمائندوں جنرل سیکریٹری
نعیم میر، پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ، جنرل سیکرٹری پنجاب عبدالرؤف مغل، جنرل سیکرٹری کے پی کے احسان باچا، اسمال چیمبر راولپنڈی کے صدر آصف ادریس شیخ، سیکریٹری اطلاعات خالد چوہدری، ایڈیشنل سیکریٹری چوہدری عرفان، ساجد بٹ، طارق وحید اور اختر عباسی کی موجودگی میں اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر فکس سیلز ٹیکس فی الحال واپس لے لیا گیا ہے آئندہ اس ٹیکس کو انکم ٹیکس ایڈوانس میں تبدیل کر دیا جائے گا اور آئندہ کوئی بھی ٹیکس لگانے سے قبل آل پاکستان انجمن تاجران کو اعتماد میں لیا جائے گا جبکہ بلوں میں عائد تمام ٹیکسوں کو یکجا کر دیا جائے گا۔جنرل سیکریٹری نعیم میر نے وفاقی وزراء کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے متعلقہ دیگر مسائل کو بھی افہام و تفہیم سے حل کروایا جائے گا مشکل حالات میں تاجر برادری کے مطالبے پر فکس ٹیکس کا مسئلہ حل کرنے پر وزیراعظم سمیت تمام حکومتی پارٹی کے شکرگزار ہیں۔ مذاکرات ہمارے ہورہے تھے جن کو علم بھی نہ تھا وہ اپنی کامیابی کے دعوے کر رہے تھے۔سیکریٹری اطلاعات خالد چوہدری اور ایڈیشنل سیکریٹری عرفان چودھری نے کہا کہ حکومت نے یکطرفہ طور پر ٹیکسوں کی بھرمار کر دی تھی جس پر ملک بھر کی تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئے
اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ اسی اتحاد کی وجہ سے اللہ تعالی نے کامیابی عطا کی۔ انہوں نے اپیل کی کہ معاہدے کے مطابق فوری طور پر نوٹی فکیشن جاری کیا جائے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بلوں کی درستگی کے احکامات جاری کیے جائیں اور بل جمع کروانے کی تاریخ 15 دن تک بڑھائی جائے۔