اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں توانائی کی بچت کے مقصد سے ایک نیا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت روایتی پنکھوں کی جگہ کم بجلی استعمال کرنے والے پنکھے نصب کیے جائیں گے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم کے پنکھا تبدیلی پروگرام پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد اس منصوبے کی تیاریوں، آغاز کے ممکنہ وقت اور عملدرآمد کی حکمت عملی کا جائزہ لینا تھا۔ شرکاء کو پروگرام کے عملی پہلوؤں، متوقع شیڈول، اور بینکنگ نظام کے ساتھ انضمام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ توانائی کی بچت اور معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہوگا، ساتھ ہی صارفین کے بجلی استعمال کرنے کے رویے میں بھی بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق یہ اقدام ملک میں بجلی کی مجموعی کھپت میں کمی اور معاشی فوائد کا سبب بنے گا۔وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں منصوبے سے متعلق تمام ضروری تیاریاں مکمل کی جائیں تاکہ رواں ماہ کے اختتام تک اس پروگرام کے ابتدائی مرحلے کا باضابطہ آغاز کیا جا سکے۔



















































