اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی والے خاموش ہیں، فارن فنڈنگ دینے والوں میں بھارت اور اسرائیل بھی شامل ہیں ، دوسروں کو امپورٹڈ کہنے والا خود بیرون ملک سے ممنوعہ فنڈنگ لیتا رہا،دوسروں پر فتوے لگانے والے نے جھوٹے حلف نامے جمع کرائے ،پی ٹی آئی دور میں سیاسی مخالفین کے خلاف یکطرفہ کارروائیاں ہوتی رہیں،
نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قراردیا گیا،قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ آرمی ہیلی کاپٹر حادثے پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے ۔خواجہ محمد آصف نے کہاکہ ہم اپنے شہداء کی قربانیاں کبھی نہیں بھولیں گے،حادثے پر قوم سوگوار ہے، لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ خواجہ آصف نے کہاکہ شہداء بلوچستان کے سیلاب زدگان کی امداد میں مصروف عمل تھے، کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی شہید بہترین افسر تھے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن کا آج کا فیصلہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کیبعد پی ٹی آئی والے خاموش ہیں، ہمارا مؤقف ہے کہ قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی دور میں سیاسی مخالفین کے خلاف یکطرفہ کارروائیاں ہوتی رہیں،فارن فنڈنگ دینے والوں میں بھارت اور اسرائیل بھی شامل ہیں ، دوسروں کو امپورٹڈ کہنے والا خود بیرون ملک سے ممنوعہ فنڈنگ لیتا رہا۔ خواجہ آصف نے کہاکہ دوسروں پر فتوے لگانے والے نے جھوٹے حلف نامے جمع کرائے ،عمران خان نے ساری زندگی دوسروں کی جیبوں پر نظررکھی ۔ انہوںنے کہاکہ مقصود چپڑاسی کاراگ الاپنے والے کے اپنے پیچھے کئی مقصود چپڑاسی ثابت ہوچکے ہیں ،عمران خان نے حالیہ شفاف ترین ضمنی الیکشن کے باوجود الیکشن کمشنر پر الزامات لگائے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان پہلے خود چیف الیکشن کمشنر کی تعریف کرتے تھے، عمران خان کے جھوٹ کا طویل سفرابھی بھی جاری ہے،
عمران خان کو ایک پلان کے تحت سیاست میں لانچ کیا گیا۔ خواجہ آصف نے کہاکہ فیصلہ اپنے حق میں قرار دینے والے پی ٹی آئی کے لوگ چیخیں بھی مار رہے ہیں،ماضی میں چند ہزار کے معاملے پر کئی ایم این ایز نااہل قراردیئے جا چکے ہیں،اب ادارے عمران خان کا احتساب کریں گے۔ سر دار ایاز صادق نے کہاکہ محمد نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قراردیا گیا،
معروف مذہبی سکالرڈاکٹر اسراراحمد نے 30سال قبل عمران خان کی لانچنگ کا انکشاف کیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ڈاکٹر اسرار احمد نے بتایا تھا کہ عمران خان کو یہودی لابی لانچ کرے گی، معروف سماجی رہنما حکیم سعید نے بھی اپنی کتاب میں یہودی لابی کی سازش کا ذکر کیا تھا،عمران خان چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جاچکے ہیں، ابھی تو توشہ خانہ کا ریفرنس بھی الیکشن کمیشن میں جائے گا۔
سر دار ایاز صادق نے کہاکہ کابینہ دیکھے گی کہ کیا فیٹف کے تحت عمران خان منی لانڈرنگ کے مرتکب تو نہیں ہوئے؟،عمران خان کو چاہیئے کہ فنانشل ٹائمز کے خلاف مقدمہ کرے، عمران خان کے فنڈ منیجر عارف نقوی کے خلاف برطانیہ میں کیس چل رہا ہے۔ایازصادق نے کہاکہ عارف نقوی منی لانڈرنگ کیس میں برطانیہ میں زیرحراست اور امریکہ کو مطلوب ہیں ،
پاکستان کے خلاف یہودی سازش بینقاب ہوچکی ہے، پاکستان کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سر دار ایازصاد ق نے کہاکہ عمران خان کے مقصود چپڑاسیوں کی فہرست بہت طویل ہے،پی ڈی ایم اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں متفقہ لائحہ عمل بنایا جائیگا۔