اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کرکٹ کے میدان میں ایک نیا اور منفرد فارمیٹ متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جسے ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس طرز کے مقابلوں میں لڑکے اور لڑکیاں اپنی اپنی اننگز کھیلیں گے، تاہم میچ کا نتیجہ دونوں کے مجموعی اسکور کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقد ہوگا۔ ایونٹ میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کھلاڑی حصہ لیں گے، جنہیں چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر ٹیم میں 20 لڑکے اور 20 لڑکیاں شامل ہوں گے۔
اس فارمیٹ کی خاص بات یہ ہوگی کہ مرد کھلاڑیوں کا مقابلہ مرد کھلاڑیوں سے اور خواتین کھلاڑیوں کا مقابلہ خواتین سے ہوگا، لیکن کسی ایک ٹیم کی کامیابی یا شکست کا فیصلہ دونوں گروپس کی کارکردگی کو یکجا کرکے کیا جائے گا۔ اس طرح لڑکے اور لڑکیاں الگ الگ کھیلنے کے باوجود اپنی ٹیم کے مشترکہ ہدف کے لیے حصہ ڈالیں گے۔
میچ کا طریقہ کار کیا ہوگا؟
ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں مجموعی طور پر 80 اوورز کھیلے جائیں گے۔ پہلے 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں ہوں گے، جبکہ باقی 40 اوورز فلڈ لائٹس کی روشنی میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کے مشاورتی بورڈ میں کرکٹ کی معروف شخصیات کو شامل کیا گیا ہے، جن میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے سابق بلے باز میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ شامل ہیں۔ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما عالمی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہِ راست نشر کیے جانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
کرکٹ کے اس نئے تجربے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو ایک منفرد انداز میں کھیلنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ شائقین کی توجہ حاصل کرنے اور کرکٹ میں اپنی الگ پہچان بنانے میں کس حد تک کامیاب ہوتا ہے۔



















































