اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے سونے کی مبینہ ڈکیتی کی واردات کے حوالے سے اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ حقیقی ڈکیتی کے بجائے ایک منصوبہ بندی کے تحت رچایا گیا ڈرامہ تھا۔ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق ساحل پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے کی تحقیقات کرتے ہوئے پولیس نے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں کارروائی کی اور مبینہ طور پر واردات میں ملوث ڈرائیور سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ابتدائی اطلاع کے مطابق ایک شہری سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا سونا اور موبائل فون چھینے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے معاملے کی چھان بین کی، جس کے نتیجے میں ملزمان تک رسائی حاصل ہوئی۔ پولیس کے مطابق گاڑی اور دیگر سامان بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں سامنے آیا ہے کہ مبینہ واردات کے پیچھے خاندانی تنازع کارفرما تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ عائشہ نامی خاتون نے اپنے ڈرائیور حیدر کے ذریعے یہ منصوبہ بنایا، جبکہ ڈرائیور نے اس میں مدد کے لیے مزید دو افراد سے رابطہ کیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق تفتیش کے دوران ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے سونے کی حقیقت اور اس کی موجودگی کے حوالے سے بھی شکوک سامنے آئے ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ مدعیہ نے معاملے کو خاندانی تنازع قرار دیتے ہوئے فی الحال مزید قانونی کارروائی نہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ تاہم پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف دیگر قانونی ضابطوں کے تحت کارروائی جاری ہے۔



















































