لاہور (آن لائن، این این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی کے حالیہ انتخاب کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تین رہنمائوں سیف الملوک کھوکھر، میاں عبدالرئوف اور منصور عثمان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے حالیہ انتخاب کو
چیلنج کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کردی۔ جن میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی، نو منتخب سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں بیلٹ پیپر پر نمبرنگ کی گئی جس کا مقصد خفیہ بیلٹنگ میں حصہ لینے والے اراکین اسمبلی کا کھوج لگانا تھا کہ کس رکن نے کس امیدوار کو ووٹ دیا جبکہ قواعد و ضوابط کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب خفیہ بیلٹ کے ذریعے عمل میں لایا جاتا ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں سپیشل سیکرٹری تعینات کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے ان کی سروسز کی ریکوزیشن بھجوائی تھی اورسپیکر پنجاب اسمبلی کی منظوری کے بعد رائے ممتاز حسین بابر نے اسمبلی میں ڈی جی پارلیمانی امور کا چارج چھوڑ کر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں سپیشل سیکرٹری کی حیثیت سے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔