اسلام آباد( این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک)بلوم برگ کی فچ اور موڈیز کی پاکستان سے متعلق ریٹنگ آئوٹ لک پر رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔بلوم برگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر ملنے کی امید ہے۔
ان فنڈز سے پاکستانی کرنسی اور بانڈز پر دبا ئوکم کرنے میں مدد ملے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کے فنڈز آنے کے بعد پاکستان کو دیگر اداروں اور ممالک سے اضافی فنڈز ملنے کی راہیں کھلیں گی جبکہ مارکیٹ میں خاطر خواہ اعتماد آئے گا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ رواں ماہ پاکستان کے بانڈز اور کرنسی پر ضرب آئی ہے جبکہ سیاسی غیریقینی صورتحال کی وجہ سے آئی ایم ایف کی طرف سے مدد میں تاخیر ہو رہی ہے جس سے سرمایہ کاروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔پاکستان ڈیفالٹ کا خوف دور کرنے کیلئے آئی ایم ایف،چین،سعودی عرب سے فنڈز کی کوشش کر رہا ہے اور پاکستانی قوم اس خوف سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہے۔یاد رہے کہ اس وقت پاکستانی روپیہ کی ریکارڈ بے قدری جاری ہے ، انٹر بینک میں ایک ڈالر 236روپے تک پہنچ چکا ہے جس میں مسلسل اضافہ جاری ہے ۔