اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ بنتےہی پی ٹی آئی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے امیدوار وں کی لابنگ شروع ہوگئی،جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کے نام سامنے آگئے،شاہ محمود قریشی کےصاحبزادے
زین قریشی اورسابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی سپیکرکےمنصب کیلئےمتحرک ہوگئے،سبطین خان اورمحمودالرشید بھی سپیکرشپ کی دوڑمیں شامل ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر کےلیے واثق قیوم، ملک تیمورکے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کےنام کی حتمی منظوری عمران خان دیں گے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے عدالتی فیصلہ حق میں آنے کے بعد عوام کے ساتھ جشن منانے کا اعلان کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ میں سپریم کورٹ کے ججوں کی ہر طرح کی دھمکیوں کے خلاف ثابت قدم رہنے اور آئین اور قانون کو برقرار رکھنے کے لیے سراہتا ہوں۔عمران خان نے کہاکہ میں بیرسٹر علی ظفر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں دھاندلی کے خلاف ضمنی انتخابات میں لا تعداد میں سامنے آنے پر پنجاب کی عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔عمران خان نے لکھا کہ بدھ کی شام ہم اللہ کا شکر ادا کریں گے اور پاکستان کے ان تمام لوگوں کے ساتھ جشن منائیں گے جو حقیقی آزادی کے لیے ہماری مہم میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، بڑی تعداد میں حمایت کا اظہار کرنے کے لیے باہر آ رہے ہیں۔