اتوار‬‮ ، 06 جولائی‬‮ 2025 

وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز ہونگے یا پرویز الٰہی؟سپریم کورٹ نے تہلکہ خیز فیصلہ سنا دیا

datetime 26  جولائی  2022
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی جانب سے مسلم لیگ(ق) کے 10 ووٹ مسترد کرنے کی رولنگ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کو نیا وزیراعلیٰ قرار دیدیا اور کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا کوئی قانونی جواز نہیں، پنجاب کابینہ بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے

، حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ فوری طور پر عہدہ چھوڑیں،حمزہ شہباز کی جانب سے بطور وزیر اعلیٰ تقرریاں بھی کالعدم دی جاتی ہیں ۔گزشتہ روز فل کورٹ بینچ کیلئے حکومتی اتحاد کی درخواست مسترد کرنے کے بعد سپریم کورٹ میں منگل کوحال ہی میں ہونے والے وزیر اعلیٰ پنجاب کے دوبارہ انتخاب سے متعلق درخواست پر دوبارہ سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کی ۔ عدالت عظمیٰ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کی رولنگ پر دلائل سنے جس کے نتیجے میں حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں فاتح قرار دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے گیارہ صفحات پرمشتمل فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ درست نہیں، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی جاتی ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا کوئی قانونی جواز نہیں، پنجاب کابینہ بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے، حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ فوری طور پر عہدہ چھوڑیں۔عدالت نے حکم دیا کہ رات ساڑھے گیارہ بجے تک پرویز الٰہی بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف لیں، گورنر پنجاب رات ساڑھے گیارہ بجے تک پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ کا حلف لیں، فیصلے پر فوری عمل یقینی بنایا جائے،

گورنر اگر پرویز الٰہی سے حلف نہ لیں تو صدر مملکت وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں گے، فیصلے کی کاپی فوری طور پر گورنر پنجاب، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری کو بھیجی جائے۔سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کی جانب سے بطور وزیر اعلیٰ تقرریاں بھی کالعدم قرار دے دی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا کہ حمزہ شہباز کے عوامی مفاد میں لییگئے فیصلے برقرار رہیں گے

۔پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے وکیل عرفان قادر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جاری مقدمے کی کارروائی میں مزید حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت کی جانب سے فل بینچ تشکیل نہ دینے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کریں گے۔دور ان سماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بھی عدالتی کارروائی میں حصہ لینے سے انکار کردیا۔

چیف جسٹس نے فاروق ایچ نائیک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فل کورٹ بنانے پر ایک بھی قانونی نقطہ نہیں بتایا گیا، آپ نے وقت مانگا تھا اس لیے سماعت ملتوی کی، عدالت میں موجود رہیں اور کارروائی دیکھیں۔چیف جسٹس نے کہاکہ ابھی تک قانونی سوال کا جواب نہیں دیا گیا، سوال یہ تھا کہ کیا پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کو ہدایات جاری کر سکتا ہے یا نہیں؟

قانون کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کرنا ہوتا ہے اور پارٹی سربراہ پالیسی سے انحراف پر ریفرنس بھیج سکتا ہے،اس سوال کیلئے فل کورٹ نہیں بنایا جاسکتا، ہم نے تمام فریقین کو قانونی نقطے پر دلائل کے لیے وقت دیا۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ 1998 میں نگراں کابینہ کو سپریم کورٹ نے معطل کردیا تھا، چیف ایگزیکٹو ہی کابینہ کا سربراہ ہوتا ہے، ہم پنجاب میں وزیر اعلیٰ کا معاملہ جلد از جلد نمٹانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فل کورٹ کے نکتے پر قائل نہ ہوسکے، دلائل میں فل کورٹ کا کہا گیا، فل کورٹ کی تشکیل ستمبر کے دوسرے ہفتے تک ممکن نہیں، ہم اس معاملے کو یوں طول نہیں دے سکتے،

یہ محض تاخیری حربے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے سے قبل فل کورٹ نہیں بن سکتا، اب اس کیس کے میرٹس پر دلائل سنیں گے، اس کیس کا فیصلہ نہ ہونے کے باعث ایک صوبے میں بحران ہے، اس کیس میں مزید تاخیری حربے برداشت نہیں کریں گے۔انہوںنے کہاکہ 21ویں ترمیم کا حوالہ پیش کیا گیا، جسٹس عظمت سعید نے 18ویں ترمیم میں آبزرویشن دی کہ ووٹ پارٹی سربراہ کی ہدایات پر دیا جاتا ہے، 18ویں ترمیم اس کیس سے مختلف ہے، ہمیں اس معاملے پر معاونت درکار ہے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے کہ اگر کسی نے کچھ غلط سمجھا تو اسے درست کیا جاسکتا ہے،

غلط طور پر آئین کو سمجھنے کا مقصد ہے کہ آئین کو درست انداز میں نہیں سمجھا گیا۔انہوں نے کہا کہ دلائل کے دوران 21ویں ترمیم کیس کا حوالہ دیا گیا، 21ویں ترمیم والے فیصلے میں آبزرویشن ہے کہ پارٹی سربراہ ووٹ دینے کی ہدایت کر سکتا ہے، آرٹیکل 63 اے کی تشریح میں کون ہدایت دے گا یہ سوال نہیں تھا، تشریح کے وقت سوال صرف منحرف ہونے کے نتائج کا تھا۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا 17 میں سے 8 ججز کی رائے کی سپریم کورٹ پابند ہوسکتی ہے؟

فل کورٹ بینچ کی اکثریت نے پارٹی سربراہ کے ہدایت دینے سے اتفاق نہیں کیا تھا، عدالت کے سامنے 8 ججز کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا، آرٹیکل 63 اے سے متعلق 8 ججز کا فیصلہ اکثریتی نہیں ہے، فیصلہ 9 رکنی ہوتا تو اکثریتی کہلاتا۔چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی بائیکاٹ کرنے والوں نے اتنی گریس دکھائی ہے کہ بیٹھ کر کارروائی سن رہے ہیں، میں اپنے کام کو عبادت سمجھ کر کرتا ہوں، عدالت کا بائیکاٹ کرنے والے تھوڑا دل بڑا کریں اور کارروائی سنیں۔

انہوں نے بیرسٹر علی ظفر کو ہدایت کی کہ قانونی سوالات پر عدالت کی معاونت کریں اور دوسرا راستہ ہے کہ ہم بینچ سے الگ ہو جائیں۔اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عدالت نے گزشتہ روز تفصیلی دلائل سنے، یہاں معاملہ آرٹیکل 63-اے کی تشریح کا نہیں ہے، سپریم کورٹ پہلے ہی اس معاملے کی تشریح کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں معاملہ صرف پارٹی سربراہ کی ڈائریکشن کا ہے، 18ویں ترمیم میں پارٹی سربراہ کو منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کا اختیار دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جج کا بار بار اپنی رائے تبدیل کرنا اچھی مثال نہیں ہوتی، جج کی رائے میں یکسانیت ہونی چاہیے۔اس مرحلے پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے روسٹرم پر آکر کہا کہ عدالت کی خدمت میں چند گزارشات پیش کرنا چاہتا ہوں۔جسٹس منیب اختر نے سوال کیا کہ کیا وفاقی حکومت، حکمراں اتحاد کے فیصلے سے الگ ہوگئی ہے؟

جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ آرٹیکل 27 اے کے تحت عدالت کی معاونت کروں گا۔چیف جسٹس نے کہا کہ فیصلے میں کوئی غلطی نہ ہوجائے اس لیے سب کو معاونت کی کھلی دعوت ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل امتیاز صدیقی ایڈووکیٹ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی سربراہ کی ہدایات بروقت آنی چاہیے، ڈپٹی اسپیکر نے کہا کے مجھے چوہدری شجاعت کا خط موصول ہوا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چوہدری شجاعت کے وکیل نے کہا کہ تمام پارٹی اراکین کو خط بھیجا گیا تھا، انہیں پارٹی سربراہ کی واضح ہدایات تھیں۔امتیاز صدیقی نے جواب دیا کہ پنجاب اسمبلی کی کارروائی آپ کے سامنے ہے، عدالت کو علم ہے کہ ووٹنگ کیسے ہوئی، وفاقی حکومت تمام ذرائع بروئے کار لائی، پارٹیوں کے سربراہ کیسے لاہور میں جمع ہوئے یہ سب کے سامنے ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا ووٹنگ سے پہلے خط پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پڑھا گیا؟ انہوں نے فاروق ایچ نائیک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نائیک صاحب، اگر کچھ بہتری آ سکتی ہے تو عدالت سننے کیلئے تیار ہے اس پر فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ان مقدمات میں ہم پارٹی پالیسی کے پابند ہوتے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مخالف فریقین کیس سن رہے ہیں لیکن دلائل نہیں دے رہے

، اس وقت ان کی حیثیت ایسے ہی ہے جیسے اقوام متحدہ میں مبصر ممالک کی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام فریقین معاونت کریں تو بہتر طریقے سے فیصلے پر پہنچ سکتے ہیں، بائیکاٹ کرنے والے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں تو سب کیلئے بہتر ہوگا۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں ڈھائی بجے تک وقفہ کردیا۔سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے کہا کہ پارٹی سربراہ کے اہم کردار کی بات کی گئی ہے

، نواز شریف پارٹی صدارت کیس میں سپریم کورٹ نے کہا کہ پارٹی سربراہ سیاسی جماعت کو کنٹرول کرتا ہے، ہم اس معاملے کو دیکھیں گے۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں، پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کو ہدایات دے سکتا ہے تاہم ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا، ووٹ کا فیصلہ پارلیمانی پارٹی نے کرنا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اختیارات پارٹی سربراہ کے ذریعے آتے ہیں،

پارٹی سربراہ کا اہم کردار ہے لیکن پارلیمانی پارٹی کا سربراہ ووٹنگ کیلئے ہدایات جاری کرتا ہے۔جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ جو 25 اراکین صوبائی اسمبلی ڈی سیٹ ہوئے، ان میں سے کتنے اراکین نے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا جس پر بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ 18 اراکین نے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا۔جسٹس اعجاز الااحسن نے کہا کہ دوسرے فریق کا یہ کیس ہے کہ پی ٹی آئی ڈی سیٹ کیس میں یہ الیکشن کمیشن کے سامنے پارٹی سربراہ کا سوال تھا،

دوسرا فریق کہہ رہا ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ ختم ہو تو پھر حمزہ شہباز کے ووٹ 197 ووٹ پر آ جائیں گے۔چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے یکم جولائی کو اتفاق رائے سے فیصلہ دیا، سپریم کورٹ نے کہا الیکشن ہوگا، کیا اب اعتراض اٹھایا جا سکتا ہے۔اس پر برسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ نہیں اب معاملہ ختم ہو چکا ہے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا پارٹی سربراہ پارلیمنٹرینز کو کہہ سکتا ہے

کہ ووٹ کس کو دینا ہے جس پر وکیل نے جواب دیا کہ عائشہ گلالئی کیس میں عدالت پارٹی سربراہ کی ہدایات کا طریقہ کار دے چکی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ عائشہ گلالئی کیس کا فیصلہ تو آپ کے موکل کے خلاف جاتا ہے جس پر وکیل علی ظفر نے جواب دیا کہ عائشہ گلالئی کیس میرے موکل کے خلاف لیکن آئین کے مطابق ہے، عائشہ گلالئی کیس میں بھی منحرف ہونے کا سوال سامنے آیا تھا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا عائشہ گلالئی کیس میں لکھا ہے کہ ہدایت کون دیگا؟

جس پر بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ عائشہ گلالئی کیس میں ارکان کو مختلف عہدوں کیلئے نامزد کرنے کا معاملہ تھا، عائشہ گلالئی کیس میں قرار دیا گیا کہ پارٹی سربراہ یا اس کا نامزد نمائندہ نااہلی ریفرنس بھیج سکتا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ فریق دفاع نے الیکسن کمیشن کے منحرف ارکان کیخلاف فیصلہ کا حوالہ دیا ہے جس پر وکیل نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ میں الیکشن کمیشن کے فیصلہ ذکر نہیں۔

بیرسٹر علی ظفر نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ عدالت میں پڑھ کر سنائی اور کہا کہ اس کیس میں فل بینچ اور درخواست مسترد کرنے کا مطالبہ کیا، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ میں تاثر دیا گیا کہ پارٹی سربراہ زیادہ اہم ہے، ڈپٹی اسپیکر نے جواب میں رولنگ کی بنیاد الیکشن کمیشن کا حکم قرار دیا ہے۔اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن آرٹیکل 63-اے سے منافی کوئی فیصلہ نہیں دے سکتا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ سپریم کورٹ میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ ضمنی انتخاب کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کرایا جائے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا حمزہ شہباز عدالت میں موجود تھے جس پر علی ظفر نے جواب دیا کہ جی حمزہ شہباز، پرویز الٰہی دونوں پیش ہوئے، دونوں وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدواروں نے کہا ضمنی انتخاب کے بعد الیکشن پر کوئی اعتراض نہیں۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ

پھر اس کا کیا اثر ہوگا، نظرثانی اپیلوں کا اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اپیلوں کا انتظار کرنے کا کہا جا رہا ہے۔وکیل علی ظفر نے کہا کہ اتفاق رائے سے جاری کیے گئے یکم جولائی کے فیصلے کیخلاف نظرثانی بھی دائر نہیں کی گئی، یہ معاملہ اب حتمی طور پر طے ہو چکا ہے۔چیف جسٹس نے دریافت کیا کہ کیا کوئی اور دستاویز ہے جسے پڑھنے کی ضرورت ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق نہیں دی، ڈپٹی سپیکر الیکشن کمیشن کے فیصلے کا پابند بھی نہیں ہے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ گزشتہ روز عدالت میں بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا تھا، سپریم کورٹ کس قانون کے تحت الیکشن کمیشن کے فیصلوں کا پابند ہے؟۔وکیل علی ظفر نے کہا کہ کوئی قانون سپریم کورٹ کو الیکشن کمیشن فیصلے کا پابند نہیں بناتا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کتنے منحرف ارکان نے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا؟

جس پر پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ 20 میں سے 16 نے ن لیگ، دو نے آزاد الیکشن لڑا، جن 18 نے الیکشن لڑا ان میں سے 17 کو شکست ہوئی۔چیف جسٹس نے فیصل چوہدری کو ہدایت کی کہ ڈسپلن کے تحت آئندہ روسٹم پر آ کر ہی بات کیا کریں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ فریق دفاع کے مطابق منحرف ارکان کے کیس میں ہدایات پارٹی ہیڈ عمران خان نے دی، فریق دفاع کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم ہوا تو 25 ارکان بحال ہو جائیں گے،

فریق دفاع کا کہنا ہے اپیل منظور ہونے سے حمزہ کے ووٹ 197 ہوجائیں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے بعد بہت ساری پیشرفت ہو چکی ہے۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ وزارت اعلی کے الیکشن پر ہائی کورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاسٹ اینڈ کلوز ٹرانزیکشن ہو چکی ہے اور یکم جولائی کو سپریم کورٹ نے وزارت اعلیٰ کے الیکشن پر متفقہ فیصلہ دیا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عدالت کو رضا مندی دی گئی

ضمنی الیکشن ہونے دیا جائے، یہ یقین دہانی بھی دی گئی کہ ضمنی الیکشن کے نتائج پر رن آف الیکشن کرایا جائے۔چیف جسٹس نے کہا کہ یکم جولائی کو وزیراعلیٰ کا الیکشن ضمنی انتخابات کے بعد ہونے کا حکم فریقین کے اتفاق رائے سے تھا، کیا ضمنی انتخابات کے بعد منحرف ارکان کی اپیل تک سماعت روکنے کا اعتراض ہو سکتا ہے؟۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اصولی طور پر منحرف ارکان کی اپیلوں کو پہلے سننے کا اعتراض نہیں بنتا۔

چیف جسٹس اور بیرسٹر علی ظفر کے درمیان مکالمہ ہوا جس میں جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اب آپ ایڈووکیٹ پنجاب کے تحریری جواب سے کچھ بتائیے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بھی آرٹیکل 63-اے کی تشریح کی کوشش کی ہے، کوشش اچھی ہے تاہم ایڈووکیٹ جنرل کی تشریح درست نہیں۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ یہ سوال تھا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کس طرح عدالتی رائے کے مطابق ہے، ہدایات پارٹی سربراہ جاری کرتا ہے یا پارلیمانی پارٹی سربراہ دوسرا سوال یہ ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مختصر رائے میں کہا منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہ کیا جائے، پارٹی سربراہ یا پارلیمانی پارٹی بارے تفصیلی بحث نہیں کی گئی۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا عدالتی مبہم ہے جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ تفصیلات نہیں آئیں تاہم جسٹس منیب اختر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کوئی مبہم نہیں ہے، کون پارٹی ہیڈ ہے، کون پارلیمانی پارٹی ہیڈ ہوتا ہے سب واضح ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پارٹی سربراہ کو ووٹ کے لیے ہدایات کے بارے آٹھ ججوں کا فیصلہ جب تک کالعدم یا نظرثانی نہ کی جائے وہی اصول رہے گا اس پر جسٹس منیب اختر نے کہا کہ آپ کی دلیل عجیب و غریب ہے، وہاں اس کیس میں تو ووٹنگ کا سوال ہی نہیں تھا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی قانون کے ماہر نہیں ہیں،

ہم ابھی تک بات کر رہے ہیں، پارٹی ہیڈ کی ہدایار ہوں گی یا پارلیمانی پارٹی ہیڈ کی ہدایات ہوں گی۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آرٹیکل 63-اے ون بی کو سمجھنا کوئی راکٹ سائنس نہیں۔جسٹس منیب اختر نے کہا کہ آرٹیکل 63-اے کے مطابق پارلیمانی پارٹی کو اختیار دینا ضروری ہے، پارلیمانی پارٹی کو مضبوط کرنا پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ 2015 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پارٹی سربراہ ہدایت دے سکتا ہے،

سپریم کورٹ کے فیصلے پر جب تک نظر ثانی نہ ہو اس پر عملدرآمد لازمی ہے۔جسٹس منیب اختر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ہر فیصلے پر عملدرآمد لازمی نہیں جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیصلے موجود ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے ہرعدالت کے لیے بائنڈنگ ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ پر امید رہیں، سب نے مل کر آئین کو مضبوط کرنا ہے، سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا اور پونے چھ بجے فیصلہ سنانے کا بتایاگیا

۔بعد ازاں چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا اور فیصلے کا آغاز قرآن پاک کی آیت سے کیا گیا۔سپریم کورٹ کا 11 صفحات پر مشتمل مختصر فیصلہ چیف جسٹس نے سناتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی کی درخواست منظور کی جاتی ہے اور آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح درست کی گئی

اور اس حوالے سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ غیر آئینی قرار دی جاتی ہے۔فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، اور چیف سیکریٹری پرویز الہٰی کی وزیراعلیٰ تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کرے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ حمزہ شہباز کی بنائی گئی کابینہ تحلیل کردی گئی ہے اور پرویز الٰہی منگل کی رات ساڑھے گیارہ بجے حلف اٹھائیں۔فیصلے میں ہدایت کی گئی کہ عدالتی فیصلے کی کاپی گورنر کو ارسال کی جائے،

گورنر اگر حلف لینے سے انکار کرے تو صدر مملکت حلف لیں۔سپریم کورٹ نے کہا کہ حمزہ شہباز کے لگائے گئے تمام مشیران، معاونین کو بھی فارغ کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخابات کے دوران دوست محمد مزاری نے پرویز الٰہی کے حق میں ڈالے گئے مسلم لیگ(ق) کے 10 اراکین اسمبلی کے ووٹ مسترد کر دئیے تھے اور اس سلسلے میں پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین کے ایک خط کا حوالہ دیا گیا تھا

جس میں انہوں نے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کی ہدایت کی تھی۔ہفتے کے روز سماعت کے دوران عدالت نے 22 جولائی کو دوبارہ منتخب ہونے والے حمزہ شہباز کو 25 جولائی تک ‘ٹرسٹی’ وزیراعلیٰ رہنے کی اجازت دی تھی۔گزشتہ روز حکومت نے فل بنچ تشکیل دینے کی درخواست کی تھی تاہم سپریم کورٹ نے درخواست کو مسترد کر دیا تھا اور چیف جسٹس نے فیصلہ دیا تھا کہ فل کورٹ کا مطلب یہ ہے کہ

عدالتی چھٹیوں کے دوران ججوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ستمبر سے پہلے کیس کی سماعت دوبارہ شروع نہیں ہو سکے گی۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا تھا کہ ہم ان حالات کو کھینچنے اور طول دینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔اس کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپنا احتجاج درج کراتے ہوئے حکمران اتحاد نے رات گئے ایک کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرے گا۔جمعہ کے روز انتخابات کے دوران دوست محمد مزاری نے مسلم لیگ (ق) کی طرف سے ڈالے گئے

تمام 10 ووٹوں کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ ان اراکین نے پارٹی کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے، اس خط کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں سرپرست کی جانب سے موصول ہونے والے خط میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی پارٹی کو حمزہ شہباز کی حمایت کی ہدایت کی ہے۔ووٹوں کی گنتی کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اعلان کیا کہ پرویز الٰہی نے 186 ووٹ حاصل کیے

جبکہ حمزہ 179 ووٹ لے سکے تاہم انہوں نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ قرار دینے سے گریز کیا۔اس کے بجائے انہوں نے عندیہ دیا کہ پارٹی سربراہ کی حیثیت سے چوہدری شجاعت حسین کی مسلم لیگ (ق) کے اراکین کو پرویز الٰہی کے بجائے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کی ہدایات نظرانداز کی گئیں

۔اس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اعلان کیا کہ حمزہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب جیت چکے ہیں کیونکہ 10 ووٹوں کی کٹوتی کے بعد پرویز الٰہی کے ووٹوں کی تعداد 176 ہو گئی ہے جبکہ حمزہ 179 کے ساتھ سرفہرست رہے۔پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ میں حمزہ کے دوبارہ انتخاب کے ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے کو بوگس قرار دینے کی استدعا کی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب/رکن صوبائی اسمبلی نااہل قرار دیا جائے۔عدالت سے استدعا کی گئی کہ آئین کے آرٹیکل 63-اے کی بنیاد پر مسلم لیگ(ق) کے 10 اراکین اسمبلی کے ووٹ مسترد کرنے کے ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے کو ‘غیر آئینی’ قرار دیا جائے۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



وائے می ناٹ(پارٹ ٹو)


دنیا میں اوسط عمر میں اضافہ ہو چکا ہے‘ ہمیں اب…

وائے می ناٹ

میرا پہلا تاثر حیرت تھی بلکہ رکیے میں صدمے میں…

حکمت کی واپسی

بیسویں صدی تک گھوڑے قوموں‘ معاشروں اور قبیلوں…

سٹوری آف لائف

یہ پیٹر کی کہانی ہے‘ مشرقی یورپ کے پیٹر کی کہانی۔…

ٹیسٹنگ گرائونڈ

چنگیز خان اس تکنیک کا موجد تھا‘ وہ اسے سلامی…

کرپٹوکرنسی

وہ امیر آدمی تھا بلکہ بہت ہی امیر آدمی تھا‘ اللہ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…

دیوار چین سے

میں دیوار چین پر دوسری مرتبہ آیا‘ 2006ء میں پہلی…

شیان میں آخری دن

شیان کی فصیل (سٹی وال) عالمی ورثے میں شامل نہیں…

شیان کی قدیم مسجد

ہوکنگ پیلس چینی سٹائل کی عمارتوں کا وسیع کمپلیکس…

2200سال بعد

شیان بیجنگ سے ایک ہزار اسی کلومیٹر کے فاصلے پر…