لاہور( این این آئی، آن لائن) پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے ۔ ضابطہ اخلاق کے نکات کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ میں اراکین اسمبلی اور اسمبلی سٹاف
کے مہمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی،سپیکر باکس ، آفیسر باکس اور مہمانوں کی گیلریاں بند ہوں گی تاہم میڈیا گیلری کھلی ہو گی۔اراکین اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ وہ اسمبلی کی طرف سے جاری کردہ شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں،ایوان میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہو گی۔ اراکین اسمبلی کا اسمبلی سیکرٹریٹ میں داخلہ ڈیوٹی فری شاپ کی طرف سے واقع گیٹ سے ہو گا،پولیس اسمبلی سیکرٹریٹ کی چار دیواری کے باہر انتظامی معاملات کنٹرول کرے گی،میڈیا پریس گیلری کے ذریعے وزیر اعلی پنجاب کے الیکشن کی کوریج کرے گا۔یاد رہے کہ پنجاب کے تخت کا فیصلہ کل ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ 22 جولائی کو ہونے والے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی کا گلبرگ میں واقعہ ایک ہوٹل میں آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کی دوپہر ایک بجے تک تقریباً پی ٹی آئی کے 70 اراکین پنجاب اسمبلی مذکورہ ہوٹل پہنچ چکے تھے۔ ان اراکین اسمبلی کو ہوٹل میں ٹھہرانے کا مقصد ان کی حاضری کو یقینی بنانا ہے اور ان اراکین اسمبلی کے حکومت اراکان سے ملاقاتوں سے دور رکھنا ہے۔