اسلام آباد( آن لائن /این این آئی)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی تردید کردی۔ اپنے ایک تردیدی بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں
،میڈیا سے درخواست ہے کہ اس طرح کی خبریں چلانے سے پہلے تحقیق کرلیا کریں۔واضح رہے اس سے قبل وفاقی حکومت نے بجلی کا بنیادی ٹیرف تقریبا8 روپے بڑھانے کی تیاری کر لی۔بجلی کا بنیادی ٹیرف7روپے91 پیسے بڑھانے کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی گئی۔وفاقی حکومت نے یکساں ٹیرف کیلئے درخواست نیپرا میں جمع کرائی۔ درخواست میں کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔نیپرا کی جانب سے وفاقی حکومت کی درخواست پرآج سماعت ہوگی۔نیپرا سماعت کے بعد فیصلہ نوٹی فکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوائے گی۔وفاقی حکومت نے بجلی کا بنیادی ٹیرف مرحلہ وار بڑھانے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔جولائی سے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔درخواست میں اگست سے بجلی مزید 3روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے اور اکتوبر سے بجلی کا بنیادی ٹیرف 91 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔