ہوائی (این این آئی)امریکی ریاست ہوائی کے جنوبی ساحلوں میں بلند و بالا لہروں نے گھروں اور دفاتر کو بھگو دیا، شاہراؤں پر پانی بھر گیا جبکہ کئی مقامات پر شادی کی تقاریب متاثر ہوئیں۔ہوائی کے جنوبی علاقوں میں دو روزقبل 20 فٹ کی بڑی سمندری لہروں کو ریکارڈ کیا گیا
،نیشنل ویدر سروس کے مطابق ایسا سمندری سطح میں اضافے اور جنوبی پیسیفک میں طوفان کی وجہ سے ہوا ہے،ان سمندری لہروں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔ہوائی کے علاقے Kailua-Kona میں شادی کی تقریب سمندری لہروں کی وجہ سے متاثر ہوئی کیونکہ میزیں اور کرسیاں پانی میں بہنے لگی تھیںوہاں موجود ایک رائٹر سارہ ایکرمین نے اس منظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔انہوں نے بتایا کہ سمندری لہریں حفاظتی دیوار کو عبور کرکے شادی کے مقام تک پہنچ گئی تھیں۔ہوائی میں نیشنل ویدر سروس کے سربراہ کرس برانکلے نے کہا کہ متعدد وجوہات کے باعث اتنی بڑی لہریں دیکھنے میں آئیں۔انہوں نے کہا کہ 12 سے 15 فٹ کی لہریں بہت بڑی ہوتی ہیں اور بہت کم ہی دیکھنے میں آتی ہے، تو ہم نے جو لہریں دیکھی وہ گزشتہ چند دہائیوں میں سب سے بڑی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پیسیفک میں سمندری طوفان ان لہروں کی وجہ بنا جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں نے بھی اس میں کردار ادا کیا۔ہوائی کے مختلف ساحلوں پر لائف گارڈز نے متعدد افراد کی زندگیاں بچائیں جن کے ڈوبنے کا خطرہ تھا۔