بیرونی مداخلت سے متعلق دلیل سے مطمئن نہیں، سپریم کورٹ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے، سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ
بیرونی مداخلت سے متعلق دلیل سے مطمئن نہیں، تفصیلی فیصلہ 86 صفحات پر مشتمل ہے جسے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے
تحریر کیا ہے، فیصلے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان کے گھر اجلاس میں بارہ ججز نے از خود نوٹس کی سفارش کی،
آئین مقدم رکھنے اور اس کے تحفظ کے لئے سپیکر رولنگ پر عدالت نے از خود نوٹس لیا اور ڈپٹی سپیکر کے غیر آئینی اقدام کی
وجہ سے سپریم کورٹ حرکت میں آئی۔ فیصلے کے متن کے مطابق ڈپٹی سپیکر کی تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کافیصلہ غیر آئینی ہے
لہٰذا وزیراعظم کا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا حکم غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جاتا ہے، عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ
قومی سلامتی کو جواز بنا کر ڈپٹی سپیکر نے تحریک عدم اعتماد مسترد کردی، عدالت بیرونی مداخلت سے متعلق دلیل سے مطمئن نہیں۔