کراچی ٗ کوئٹہ(آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دورہ سعودی عرب کے بعد کراچی پہنچ گئے ۔ آرمی چیف نے شہر میں موسلادھار بارشوں، سیلاب کے اثرات کا فضائی جائزہ لیا اور صورتحال کی بہتری کیلئے کراچی کور کو سول انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف حالیہ شدید بارشوں، سیلابی صورتحال کے باعث سعودی عرب سے براہ راست کراچی پہنچے۔آرمی چیف کو سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور امدادی سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف کو کراچی میں پاک فوج کے سول انتظامیہ کو فراہم کردہ تعاون بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے بچائو اور امداد کی کاوشوں میں سول انتظامیہ کی مدد، فارمیشنز کے بروقت ردعمل کو سراہا۔ آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے انکا خیرمقدم کیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بلوچستان کے بارش متاثرین کے لیے امدادی سامان کی فراہمی جاری ہے۔ترجمان این ڈی ایم ایکے مطابق بلوچستان میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے رہائشی خیموں اور نکاسی آب کے پمپس پر مشتمل امدادی سامان فراہم کیا گیا۔این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے بلوچستان اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور بوقت ضرورت ہر ممکن تعاون و امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔