اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) دعا زہرا کے والد کی جانب سے مقرر کردہ وکیل جبران ناصر نے کراچی کی مقامی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ جہاں ان کا کہنا تھا کہ نئی میڈیکل رپورٹ کے مطابق دعا زہرا کی عمر 15 سال کے قریب ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ ابھی 15 سال کی بھی نہیں ہوئیں۔نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ نئی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد
اب سندھ پولیس کل دوپہر تک ظہیر احمد کو گرفتار کرلے گی کیونکہ ان پر اغوا کا کیس درج ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف 2 ہفتے قبل پولیس کے اعلیٰ حکام یہ کہہ چکے ہیں کہ اس کیس میں کچھ نہیں بچا، اس لیے اسے بند کردیا جائے۔ لیکن آج آنے والی رپورٹ سے ثابت ہوا کہ کیس کی تفتیش ٹھیک سے نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیس سندھ پولیس اور سندھ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ اس طرح یہ کیس ختم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اغوا اور چائلڈ میرج کا کیس ہے۔قبل ازیں دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی ہے جس میں لڑکی کی عمر 15 سے16سال کے قریب قرار دی گئی ہے۔دعا زیرا کے والد مہدی کاظمی کی درخواست پر محکمہ صحت سندھ نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے 10 رکنی بورڈ تشکیل دیا تھا۔میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لئے ہڈیوں اور دانتوں کے ایکسرے، خون کے ٹیسٹ اور جسمانی معائنے سمیت دیگر ٹیسٹ کئے تھے۔میڈیکل بورڈ کی سربراہ پروفیسر صبا سہیل کی جانب سے سربمہر میڈیکل رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ آفتاب احمد بگھیو کی عدالت میں جمع کرادی۔میڈیکل بورڈ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ سیل ہے۔ دو روز قبل سروس اسپتال میں 10 رکنی میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کا طبی معائنہ کیا۔ذرائع نے بتایاکہ میڈیکل رپورٹ میں دعا زہرا کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے۔
دعا زہرا کی عمر ڈینٹل ایگزمینیشن کے مطابق 13 سے 15 سال کے درمیان میں ہے۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیاہے کہ ریڈیولوجیکل معائنے کے مطابق
دعا زہرا کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان ہے۔میڈیکل بورڈ کی اتفاق رائے کے مطابق دعا زہرا کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے۔
حتمی رپورٹ پر چیئرمین سمیت 10 ممبران کے دستخط موجود ہیں۔میڈیکل بورڈ نے مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر کو میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے
۔اپنی ٹوئٹ میں جبران ناصر نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق دعا زہرا کی عمر 15 سال کے قریب ہے جو پچھلی میڈیکل رپورٹ کی نفی کرتی ہے
جس میں دعا کی عمر 17 سال بتائی گئی تھی۔مہدی کاظمی کے وکیل نے کہاکہ نئی عمر کے تعین کا مطلب ہے کہ اس معاملے میں اغوا، کم سن بچوں کی شادی، اور جنسی جرائم کے جرائم کی تمام دفعات لاگو ہوتی ہیں۔