جدہ(این این آئی)سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے جدہ میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے حوالے سے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر اردو میں ٹویٹ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹوئٹ کیا کہ مجھے
پاکستانی فوج کے کمانڈر جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری شعبے میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ فریم ورک کے اندر مملکت اور پاکستان کے درمیان قریبی تاریخی تعلقات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے بڑھانے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان برادر ملکوں کے درمیان دفاعی اورعسکری باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مملکت اور پاکستان کے گہرے تاریخی تعلقات کے تحت دونوں ملکوں کے دفاعی و عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے متعدد امور زیر بحث آئے۔ملاقات کے موقع پر سعودی نائب وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر ھشام بن عبدالعزیز السیف اورپاکستان میں تعینات سعودی آرمی اتاشی میجر جنرل عوض بن عبداللہ الزھرانی بھی موجود تھے۔پاکستان کی جانب سے مملکت میں متعین سفیر امیرخرم راٹھور، آرمی چیف کے پرسنل سیکریٹری میجر جنرل محمد عرفان اور مملکت میں متعین پاکستانی آرمی اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم شریک ہوئے۔