پی ٹی آئی نے نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف نے نیب قانون میں ترامیم کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ قوانین میں ترامیم کو
خلافِ آئین قرار دیکر فوری طور پر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے معروف ماہرِ قانون خواجہ حارث
نے عدالت میں پٹیشن دائر کی، درخواست آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی جس میں وفاقِ پاکستان اور نیب کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں نیب قوانین میں ترامیم کو خلافِ آئین قرار دیکر فوری طور پر کالعدم قرار دینے اختیارات سے تجاوز کو جائز قرار دینے کی
کوشش ناکام بنانے کی بھی استدعا کی گئی ہے،درخواست میں بے نامی کی تعریف میں ردوبدل سے احتساب کی ہیئت بدلنے کا معاملہ دیکھنے کی بھی گزارش ہے
جبکہ نیب میں زیر التواء 1200 میں سے 1100 ارب کے مقدمات کو نیب کے دائرہ کار سے نکالنے کی کوششوں پر بھی فوری قدغن لگانے کی درخواست کی گئی ہے۔