اسلام آباد، لاہور( آن لائن، این این آئی ) سندھ اور پنجاب کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بازار رات 9 بجے تک بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق شادی ہالز رات 10 بجے بند ہوں گے جبکہ ریسٹورنٹ اور ہوٹلز رات ساڑھے 11 بجے بند ہوں گے۔ دوسری جانب پنجاب میں بھی بجلی کی بچت کے لیے بازار اور کاروبار رات 9بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے قبل سندھ حکومت نے مارکیٹیں اور کاروبار رات 9بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے تاجر تنظیموں اور چیمبرز سے مشاورت مکمل کرلی ہے، حکومت کی جانب سے اگلے ہفتے سے پنجاب میں بجلی بچت پلان پر عمل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب میں بھی رات 9بجے مارکیٹیں اور کاروباری سرگرمیاں بند کردی جائیں گی، پہلے مرحلے میں یہ پابندی 2ماہ کے لیے لگائی جائے گی۔ذرائع نے کہا کہ ریسٹورنٹس بھی جلد بند کرنے کی تجویز پر غور جاری ہے۔لاہور چیمبر کے صدر نعمان کبیر کا کہنا ہے کہ قومی مفاد کے فیصلوں پر ساتھ ہیں، بچت پلان پر عمل سے بجلی اور پیٹرول کی بچت ہوگی۔