فرنٹ مین کے ذریعے اربوں روپے کے اثاثے ،سابق وزیر قانون راجہ بشارت کیخلاف نیب میں بڑا قدم اٹھا لیا گیا
لاہور( این این آئی)سابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے خلاف نیب میں آمدن سے زائد اثاثوں پر ایک اور درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست گزار سیمل وحید کے مطابق راجہ بشارت نے فرنٹ مین کے ذریعے اربوں کے اثاثے بنائے۔سابق رکن پنجاب اسمبلی سیمل وحید نے نیب راولپنڈی میں 8 جون کو ایک درخواست دائر کی ہے۔ راجہ بشارت کے خلاف نیب میں درخواستوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔سیمل وحید نے راجہ بشارت پر آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ان کی کروڑوں روپے کی جائیدادیں ہیں، راجہ بشارت نے فرنٹ مین کے ذریعے اربوں روپے کے اثاثے بنائے۔درخواست گزار نے الزام لگایا ہے کہ راجہ بشارت منی ٹریل اور اثاثوں میں واضح فرق ہے، تمام شواہد نیب کو دیدیئے ہیں۔سیمل وحید نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے ایما ء پر راجہ بشارت کے خلاف نیب کارروائی نہیں کررہی تھی، وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب اورچیف جسٹس آف پاکستان سے انصاف دلانے کی اپیل کرتی ہوں۔سیمل وحید نے نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ حکومت اور شہزاد اکبر کی ایماء پر دھمکیاں بھی دی جارہی تھیں، اگر اس کیس کی انکوائری ہوگی تو فرح گوگی سے بڑے بڑے نام سامنے آئیں گے۔