لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی کے ایک ہی روز میں دو الگ الگ اجلاس بلائے جانے پر پنجاب اسمبلی نے ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تاریخ کے انوکھے واقعہ کے نتیجے میں بدھ کے روز پنجاب اسمبلی کے دو الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔
دوپہر ایک بجے پنجاب اسمبلی میں بلائے جانے والے اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کی جبکہ ایوان اقبال میں بلائے گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کی۔ بتایا گیا ہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے حکومتی بینچوں کی درخواست پر پنجاب اسمبلی کا چالیسواں اجلاس ختم کر کے 41 اجلاس ایوان اقبال میں طلب کیا تھا۔ جو دوپہر دو بجے منعقد ہونا تھا جبکہ پارلیمانی حلقے اس انوکھے واقعہ کو پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن بینچوں کے درمیان سیاسی کشمکش کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں پارلیمانی ذرائع کا کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کے ایک ہی اسمبلی کے ایک ہی روز دو الگ الگ اجلاس بلا لئے جائیں۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں پارلیمانی امور پر حکومت اور اپوزیشن ہمیشہ ایک پیج پر دیکھائی دیتی رہی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ صورتحال سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے کی جانے والی سیاست کا نتیجہ ہے جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی اسمبلی کا کا بجٹ سیشن بلانے کے پابند ہیں۔