اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)روزنامہ جنگ میں صالح ظافر کی شائع خبر کے مطابق سابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے 155میں سے 54قومی اسمبلی کے ارکان اسمبلی رکنیت استعفوں سے لاتعلقی اختیار کرکے پی ٹی آئی کو جھٹکا دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
استعفوں کا اعلان ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے 9 اپریل کو کیا تھا جب پی ٹی آئی نے عدم اعتماد کی تحریک کا بائیکاٹ کیا تھا۔باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکراور ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی پی ٹی آئی کےارکان کے استعفوں کی تصدیق کا مرحلہ شروع کریں گے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے سلسلے میں کل سے استعفوں کی تصدیق شروع ہوگی ۔ ہر روز تیس اراکین ذاتی طور پر سپیکر کے سامنے پیش ہونگے ، تمام ریکارڈ تصدیق کے بعد سپیکر آفس کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ کوئی بھی رکن استعفوں کی تصدیق کیلیے نہ آیا تو فیصلہ سپیکر اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کرینگے ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق کسی بھی رکن کا ذاتی طور پر تصدیق کیلیے سپیکر کے سامنے پیش ہونا ضروری ہے۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو سپیکر کے سامنے پیش نہ ہونے کی ہدایات کررکھی ہیں ۔