لاہور (آن لائن) پنجاب کے دو صوبائی وزراء نے پرانی گاڑیاں لینے سے انکار کردیا ہے اور محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں نئی گاڑیاں فراہم کی جائیں۔
پرانی گاڑیاں لینے سے انکار کرنے والوں میں صوبائی وزیر عطاء اللہ تارڑ اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی ، صوبائی وزیر رانا محمد اقبال شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر عطا اللہ تارڑ نے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے دی گئی سرکاری گاڑی محکمہ کو واپس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بلٹ پروف گاڑی فراہم کی جائے ۔ جواز پیش کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ چونکہ انہیں تھریٹ ہے اس لئے وہ عام گاڑی میں سفر نہیں کرسکتے جبکہ دوسرے صوبائی وزیر رانا محمد اقبال کے صاحبزادے نے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو فون کر کے اپنے والد کے لئے نئی گاڑی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کا کہنا ہے کہ محکمہ نے تمام صوبائی وزراء کو پرانی گاڑیاں فراہم کیں ہیں۔ نئی گاڑیاں مزید 15 سے 20 روز میں موصول ہو جائیں گی جس کے بعد وزراء کو نئی گاڑیاں فراہم کردی جائیں گی۔