اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی آئی کے استعفوں کے بعد حکومت نے خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کرانے کافیصلہ کرلیا جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام ارکان کے استعفے منظور کئے جائیں ،
میرا شیریں مزاری اور فواد چودھری کا استعفیٰ کیا انوکھا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونیوالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کرایا جائیگا،ضمنی الیکشن میں اتحادی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت حصہ لیں گے،تحریک انصاف کے استعفے مرحلہ وار منظور کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں مرکزی رہنمائوں کا استعفیٰ منظور کیا جائیگا۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام ارکان کے استعفے منظور کئے جائیں ، میرا شیریں مزاری اور فواد چودھری کا استعفیٰ کیا انوکھا ہے۔۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت استعفوں کے معاملے پر پک اینڈ چوز نہ کرے ،یہ دھاندلی کی ایک اور مثال ہوجائیگی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی پنجاب کے سیاسی معاملات اور ضمنی انتخاب کی حکمت عملی تیار کریں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے پیر کو لاہور میں پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں پارٹی کی سینئر لیڈر شپ شریک ہوگی۔شاہ محمود قریشی ضمنی الیکشن میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کا بھی لائحہ عمل تیار کریں گے۔



















































