ریاض(این این آئی)ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی ویب سائٹ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ سعودی عرب گذشتہ 2021 میں کھجورکی برآمدات میں قدر کے لحاظ سے (عالمی سطح پر)پہلے نمبر پر آگیا ہے، جہاں اسی دوران کھجوروں کی سعودی برآمدات کی قدر 1.215 ارب ریال تک جا پہنچی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں کھجور کے درختوں کی تعداد 33 ملین ہے جو کہ دنیا کی کل کھجور کا 27 فی صد ہے۔ مملکت میں کھجور کے زرعی ذخائر کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار ہے۔سعودی عرب میں کھجور اور کھجور کے شعبے کی مالیت تقریبا 7.5 ارب ریال ہے۔ کھجور کی پیداوار کل زرعی پیداوار کا 12 فی صد اور غیر تیل کی کل پیداوار کا 0.4 فی صد ہے۔سعودی عرب میں کھجور کے قومی مرکز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کھجوروں پیداوار اور ان کی برآمدات میں جو ہدف حاصل کیا گیا ہے وہ تیل پر انحصار کم کرنے کے لیے مملکت کی قیادت کی دلچسپی اور کاشت کاروں کی معاونت کا ثبوت ہے۔مرکز نے مزید کہا کہ مملکت کے ویژن 2030 میں کھجورکے شعبے پرترقی اور پائیداری کے ذریعے بہت زیادہ توجہ دی گئی ہے۔